سرسی9؍نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل کے رکن اسمبلی منکال وئیدیا اور کاروار کے رکن اسمبلی ستیش سائیل بی جے پی کا دروازہ کھٹکھٹا چکے ہیں، لیکن ان کو پارٹی میں شامل نہیں کیا جائے گا بلکہ ان دونوں کو شکست دے کر بی جے پی کے امیدواروں کو جیت دلانا یقینی ہے۔
یہ بات بی جے پی کے ضلعی صدر کے جی نائک نے سرسی کے ضلعی دفتر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی ہے۔مسٹر نائک نے اخباری نمائندوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے پوچھا کہ بھٹکل میونسپالٹی پر کو سنبھالنے میں ناکام منکال وئیدیا سے کیا یہ ممکن ہے کہ ایک ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کرسکے؟سرکاری ملازمین کی تنخواہیں تک شامل کرکے وئیدیا کروڑ وں روپے امداد لانے کے جھوٹے دعوے کررہے ہیں۔کے جی نائک نے مزید بتایا کہ بھٹکل کے اہم سماجی طبقات کی طرف سے منکال وئیدیا کی مخالفت سامنے آرہی ہے، جس کی وجہ سے انتخابات میں ان کی ہار یقینی ہے۔
مسٹر نائک کے مطابق ضلع کی 6نشستوں میں ہر سیٹ کے لئے بی جے پی میں 15تا 30افراد امیدواری کے لئے موجود ہیں۔لیکن کسی بھی حلقے سے ٹکٹ کے لئے ابھی تک کوئی بھی قطعی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔عوام کے اندر جوبھی شخصیت زیادہ مقبول ہے اور جن جن لوگوں کا نام عوام کی زبان سے سناجارہا ہے انہی کو امیدوار بنایا جائے گا۔